پونے/ سابق کپتان اور رائزنگ پونے سپرجائنٹس کے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے ممبئی انڈینس کے خلاف آئی پی ایل 10 کے میچ میں بھلے ہی مذاق-مذاق ریفرل مانگا تھا لیکن میچ ریفری نے اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہیں سخت پھٹکار لگائی ۔ معاملہ کے مطابق ممبئی کی اننگز کے 15 ویں اوور کے دوران لیگ اسپنر عمران طاہر کی گیند کیرون پولارڈ کے پیڈ سے جا ٹکرائی تھی۔ طاہر نے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی تھی لیکن امپائر ایس روی نے اس اپیل کو مسترد کردیا تھا۔ ری پلے سے صاف ظاہر تھا کہ گیند پیڈسے ہی ٹکرائی تھی اور اسٹمپس میں جا رہی تھی۔
طاہر کی اپیل مسترد کئے جانے پر وکٹ کیپر دھونی نے اپنے ہاتھ اٹھاتے ہوئے ریفرل کا اشارہ کیا۔ اگرچہ دھونی کا اشارہ صرف مذاق تھا لیکن میچ ریفری نے دھونی کو آئی پی ایل ضابطہ اخلاق سیکشن کی دفعہ 2.1.1 کا مجرم پاتے ہوئے انہیں سخت پھٹکار لگائی۔ میچ ریفری نے کہا کہ دھونی کی یہ حرکت گیم اسپرٹ کے خلاف ہے اور ان کو کھیل کے قوانین کے مطابق رہ کر ہی برتاؤ کرنا چاہیے ۔ یو این آئی