دھونی چنئی سپر کنگزکو فتح نہ دلاسکے،دہلی کی ہار کا سلسلہ ختم

 عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی//دھونی نے چنئی سپر کنگزکیلئے 37 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم چنئی کو میچ میں 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ کے ساتھ ہی دہلی کی ہار کا سلسلہ بھی ختم ہو گیا۔ دھونی نے آتے ہی پہلی گیند پر چوکا لگایا اور ٹیم کی جیت میں مدد کرنے کی پوری کوشش کی لیکن دھونی سے پہلے آنے والے بلے بازوں نے رن ریٹ میں کافی اضافہ کر دیا تھا۔ دھونی نے 16 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ دھونی کی کوشش کے باوجود ٹیم جیت تونہ سکی تاہم شائقین بہت خوش ہوئے۔ اگر دھونی پہلے ایک نمبر پر آ جاتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ وہ جس تال میں نظر آئے وہ قابل دید تھا۔ چنئی کو اس میچ میں 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آئی پی ایل 2024 کے میچ نمبر 13 میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی کیپٹلز نے 20 اوورز میں 191؍5 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کی جانب سے 52 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان رشبھ پنت نے 51 رنز بنائے۔ اس کے بعد چنئی سپر کنگز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھہ وکٹ کے نقصان پر 171کے اسکور تک ہی پہنچ سکی۔ رہانے نے ٹیم کیلئے 45 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ آٹھویں نمبر پر اترنے والے دھونی نے مداحوں کا دل جیت لیا۔192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی چنئی سپر کنگز کی شروعات انتہائی خراب رہی۔

 

ٹیم نے اپنا پہلا وکٹ پہلے ہی اوور میں کپتان روتوراج گائیکواڈ (1) کی صورت میں کھو دیا۔ اس کے بعد تیسرے اوور میں راچن رویندرا 12 گیندوں پر صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ خلیل احمد نے دونوں اوپنرز کو اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد اجنکیا رہانے اور ڈیرل مچل نے تیسری وکٹ کے لیے 68 (45 گیندوں) کی شراکت قائم کی، جو 11ویں اوور میں مچل کی وکٹ کے ساتھ ختم ہوئی۔ مچل نے 26 گیندوں پر 1 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد چنئی کو چوتھا جھٹکا 14ویں اوور کی تیسری گیند پر اجنکیا رہانے کی صورت میں لگا۔ رہانے نے 30 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ رہانے کے بعد مکیش کمار نے اگلی ہی گیند پر سمیر رضوی کو پویلین بھیجا۔ اس طرح چنئی نے 13.4 اوور میں 102 رن کے اسکور پر پانچواں وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد ٹیم کو چھٹا جھٹکا 17ویں اوور میں شیوم دوبے کی صورت میں لگا۔ دوبے نے 1 چوکے کی مدد سے 18 (17 گیندوں) کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کریز پر آئے۔ دھونی نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس دوران دوسرے سرے پر ان کے ساتھ موجود رویندرا جدیجا نے 17 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔