دھنکھر کا اقتصادی قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دینے پر زور

یواین آئی

نئی دہلی// نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے اقتصادی قوم پرستی کے جذبے اور مقامی مصنوعات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہندوستانی معیشت اور لوگوں کو فائدہ ہوگا۔پیر کو مہاراشٹر کے ناگپور میں نیشنل اکیڈمی آف ڈائریکٹ ٹیکسز (این اے ڈی ٹی) میں انڈین ریونیو سروس کے 76ویں بیچ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے محکمہ انکم ٹیکس کے افسران پر زور دیا کہ وہ معاشی قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دیں اور تجویز دی کہ اس سے معیشت اور معاشرے کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران کو مقامی لوگوں کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کو تین بڑے فائدے حاصل ہوں گے، پہلا، قابل گریز درآمدات سے زرمبادلہ ضائع نہیں ہوگا، دوسرا ہمارے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور تیسرا، ملک میں انٹرپرینیورشپ بڑی چھلانگ لگائے گی۔ملک میں ٹیکس انتظامیہ کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن اور بغیر فیس لیس ای اسسمنٹ سسٹم جیسے شفافیت کے اقدامات پر نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس سے ٹیکس نظام میں ایک نئی شروعات ہوئی ہے اور محکمہ انکم ٹیکس ‘ایماندار کو عزت دینے’ کے اپنے مقصد کو پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ایک ایسا معاشرہ جو ایماندار کی عزت کرتا ہے اور بے ایمان کو انعام نہیں دیتا وہ معاشرہ امن، ہم آہنگی اور ترقی کے لیے مستحکم ہے۔‘‘ دھنکھر نے کہا کہ آج ہندوستان بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے نئے اصول کے مطابق ہے۔