جموں//جامع مسجددھمی بیڑہ نگروٹہ میں میلادالنبی ؐکانفرنس کاانعقاد کیاگیاجس کی صدارت حاجی عبدالمجیدنے کی۔ اس موقعہ پرکثیرتعدادمیں فرزندان توحید وعاشقان رسول سے خطاب کرتے ہوئے مفتی قمرالزمان مصباحی(پٹنہ) شکیل احمدمینائی لکھنو، مظہرحسین امام وخطیب جامع مسجدلکھداتابازارجموں،مولاناشمس اللہ خان (بھلوال)، مولانامحمدیونس،مولانا عبدالرزاق(بائیں بجالتہ) ودیگرعلماء کرام نے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی سیرت مبارکہ پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پرمفتی قمرالزمان مصباحی نے سیرت النبی ؐکے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ؐ کسی ایک قوم ، علاقہ یا زمانہ کیلئے نہیں بلکہ آپ ؐ رحمت للعالمین ہیں اور آخری نبی ہیں۔ آپ کے بعد نبوت کا دروازہ بند ہو چکا ہے۔ اپنے خطاب میںمفتی قمرالزمان مصباحی نے کہا کہ رسول پاک کے بتائے ہوئے راستہ پر عمل پیرا ہونا ہی اصل کامیابی ہے جس پر چل کر دین و دنیا کی فلاح حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی عظمت کا اندازہ لگانا ہو تو صحابہ کرام ؓ سے معلوم کیجئے کہ جنہوں نے اپنی جانیں آپ پر قربان کر دیں۔جن کے دل محبت رسول سے لبریز تھے اور ساری دنیا سے بڑھ کر دل میںآپ کی محبت کا سمندر موجزن ہوجاتا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم کا فرمان ہے کہ جو جوان اپنے بوڑھے ماں باپ کے چہرے پر محبت کی ایک نظر ڈالتا ہے تو اللہ تعالیٰ اْسے ایک مقبول حج کا ثواب عطا کرتے ہیں۔کیوں کہ یہ والدین ہی ہیں کہ جنہوں نے بہت تکلیفیں اْٹھا کر اور مشکلات برداشت کر کے آپ کو پروان چڑھایا ہے۔ماں باپ کی خدمت گذاری اور اطاعت و فرماں برداری اولاد کی اولین ذمہ داری ہے۔اْنہوں نے کہا کہ رسولِ رحمت کا دل سب سے نازک اور آپ کی روح سب سے لطیف ترین اور آپ کا مرتبہ و مقام سب سے بلند تر ہے۔علماء کرام نے مزیدکہاکہ میلادمصطفیٰ کا دن پورے عالم انسانیت کے لئے خوشی کا دن ہے کیونکہ اسی روز پیغمبر آخر الزمان اس دنیا میں مبعوث ہوئے جن کے لئے اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات کو وجود میں لایا۔علماء نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رسول اللہ کی حیات طیبہ کو اپنی مشعل راہ بناتے ہوئے آپ کے فرمودات پر عمل کریں اور اسی میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے علام انسانیت کی بقاء،فلاح اور بہبود ہے۔اس موقعہ پر محمدمجید(تحصیلدار)،جاویدچوہدری، ظفرچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔