جموں//ادہم پور پٹھانکوٹ دھار روڈ پر گزشتہ شب رونما ہونے والے ایک سڑک حادثہ میں کم از کم 3افراد ہلاک جب کہ 32دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے 14افراد کومیڈیکل کالج جموں جب کہ4 کو ادہم پور کے ضلع ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گوجرو نگروٹہ سے کھون کی جانب جانے والی ایک منی بس چھلاری رام کوٹ کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی نتیجہ کے طور پر 3افراد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے، مہلوکین میں 19سالہ اجے سنگھ ولد سندور سنگھ ساکن نیلی مجالتہ، 21سالہ ہوشیار سنگھ ولد پورن سنگھ ساکن سیل مجالتہ اور کلددیپ راج ولد شنکر داس عمر 31سال ساکن کڑکئی مجالتہ شامل ہیں۔ شدید زخمی حالت میں 14زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جے ایم سی منتقل کیا گیا ہے جس میں پون سنگھ ولد پرکاش سنگھ، سشما دیوی زوجہ اشوک کمار، مکھن سنگھ ولد منشی رام، جودھراج ولد تلسی رام، منو شرما ولد جنک راج، کملیش دیوی زوجہ جگدیش چندر ، سونم ولد تھالی رام ، یشپال ولد پوری سنگھ، سبھاش سنگھ ولد چھترو ، پشپا دیوی زوجہ پرکاش سنگھ، پرکاش سنگھ ولد چھترو، گیتا دیوی زوجہ پورن سنگھ، تیرتھ سنگھ ولد نانک سنگھ، ہنسراج ولد منشی رام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 4دیگر زخمیوں کو رام کوٹ میں مرہم پٹی کرنے کے بعد ضلع ہسپتال ادہم پور میں داخل کروایا گیا ہے ۔ دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے رام کوٹ سڑک حادثے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جو ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقہ کے ایک دیہات میں پیش آیا اور جس میں تین افراد جاںبحق ہوئے اور درجنوں زخمی ہوئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ کو زخمیوں کو ہر طرح کی طبی امداد فراہم کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہوئے افراد کے قریبی لواحقین کو معقول معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔