اشتیاق ملک
ڈوڈہ //دچھن سڑک حادثہ میں مہلک تینوں جوانوں کی نماز جنازہ بدھ کو اپنے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی اور پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا. اس افسوسناک واقعہ سے پورے علاقہ میں صف ماتم چھا گیا ہے. ادھر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے اور سرکار سے متاثرہ کنبوں کی مالی امداد کرنے کی مانگ کی ہے. واضح رہے کہ گذشتہ روز دچھن کے درچھائی نالہ میں ایک جے سی بی مشین حادثہ کا شکار ہوئی جس میں ڈوڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 3 جوان از جان ہوئے. ان کی شناخت عبدالمجيد ملک(42) ولد شکر دین ساکنہ تیندلہ، محمد اسحاق(26) ولد فیروز دین ساکنہ کھٹاسو و نذیر حسین (23) ولد محمد سائیں ساکنہ کھٹاسو تحصیل کاہرہ کے طور پر ہوئی ہے. یہ تینوں جوان مزدوری کرنے دچھن میں گئے تھے جہاں یہ کام سے واپسی پر حادثہ کا شکار ہوئے. عبدالمجيد کے پسماندگان میں والدین کے علاوہ تین بیٹیاں، ایک بیٹا و بیوہ عورت شامل ہیں وہیں نذیر حسین اپنے پیچھے تین لڑکے، ایک لڑکی وہ بیوہ عورت کو چھوڑ گئے جبکہ محمد اسحاق کی کچھ عرصہ قبل شادی ہوئی تھی. اس حادثہ پر سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد ،سابق وزراء عبدالمجيد وانی، غلام محمد سروڑی، سجاد احمد کچلو، رکن اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،ایم ایل اے ڈوڈہ محراج ملک، بی جے پی لیڈر طارق حسين کین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے.