سرینگر//محکمہ موسمیات نے وادی میں آئندہ2دنوں تک میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی۔ وادی میں جمعہ کو دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کے بیچ پر ہلکی دھوپ بھی دیکھنے کو ملی۔ محکمہ موسمیات کے ریجنٹل ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آئندہ48گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میں ممکنہ طور پر برفباری ہوگی،جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا’’مغربی ہوائوں میں تازہ ہلچل کی وجہ سے ممکنہ طور پر جموں کشمیر اور اس کے قریبی علاقوں و خطوں میں23مارچ کی رات سے آئندہ48گھنٹوں کے دوران درمیانہ درجہ سے بھاری برفباری یا بارشوں کا امکان ہے‘‘۔ وادی کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری یا بارشیں ہوسکتی ہے،جس کی وجہ سے زمینی ٹرانسپورٹ میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہے۔اس دوران سرینگر میں دن کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ16.2ڈگری سیلشیس جبکہ کم از کم درجہ حرارت1.2ڈگری سیلشیس ریکارڑ کیا گیا۔