محمد تسکین
بانہال// بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان فورلین ٹنل کے آر پار برفباری اور پھسلن کی وجہ سے جمعہ کی شام سے بند جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو اتوار کی صبح سے دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور شاہراہ پر پہلے مسافر بردار ٹریفک اور بعد میں مال گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ ناچلانہ ، چملواس، رتن باس ، نویگہ ٹنل کے دونوں طرف سے میر بازار تک سڑک پر پھسلن ہے اور ٹریفک پولیس نے گاڑی والوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی اپیل کی ہے تاکہ سڑک حادثات سے بچا جا سکے ۔رام بن میں ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی شام تک بانہال ۔ قاضی گنڈ اور میر بازار کے درمیان سڑک پر برفباری کی وجہ سے پھسلن پیدا ہوئی تھی اور ہفتے کی شام صرف قاضی گنڈ سے درماندہ ٹریفک کو ہی جموں کی طرف اور بانہال میں دو سو سے زائد درماندہ مسافر اور مال گاڑیوں کو وادی کشمیر کی جانے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ رام بن ، جموں اور سرینگر سے کسی قسم کے تازہ اور درماندہ ٹریفک کو چھوڑا نہیں گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کی صبح گیارہ بجے سے وادی کشمیر کے قاضی گنڈ سے مسافر گاڑیوں کو جموں کی طرف جبکہ نگروٹہ جموں سے بھی مسافر گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر وادی کشمیر کی طرف بحال کیا گیا اور اتوار سہ پہر بعد تک چار ہزار سے زائد مال اور مسافر گاڑیوں نے اپنی منزلوں کی راہ لی تھی جس میں سیاحوں کی تعداد بھی اچھی خاصی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مسافر ٹریفک کو نکالنے کے بعد مال گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت دی گئی اور یہ سلسلہ اتوار شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے شاہراہ پر پیر کے روز سفر کا ارادہ کرنے والے مسافروں سے کہا کہ وہ سڑک اور موسم کی صورتحال جاننے کے بعد ہی سفر کریں تاکہ راستے میں انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔