عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// جنوب مغربی مانسون کیرالہ پہنچ گیا ہے اور آج 30 مئی کو شمال مشرقی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں آگے بڑھ گیا ہے۔ کوٹائم ضلع کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون کیرالہ پہنچ گیا ہے۔ آج 30 مئی کو، یہ شمال مشرقی ہندوستان کے بیشتر حصوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں لوگ شدید گرمی سے پریشان ہیں۔ بدھ کو کئی حصوں میں ریکارڈ گرمی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب گرمی سے چھٹکارا ملنے والا ہے۔ آج سے گرمی کا اثر آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو جائے گا۔ مانسون کی کیرالہ میں آمد کے ساتھ ہی، مانسون کے شمال مشرقی ریاستوں کی طرف بڑھنے کے اشارے مل رہے ہیں۔شمالی ہند کے متعدد مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچنے کے ساتھ دہلی سمیت شمال مغربی خطہ شدید گرمی کی لہر سے دوچار ہونے کے درمیان محکمہ موسمیات نے شمال مغربی ہندوستان اور قومی راجدھانی خطہ کو آئندہ تین دنوں میں مغربی فضائی تلاطم کے نتیجے میں شدید گرمی سے کچھ راحت کی امید ظاہر کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ “اگلے 2-3 دنوں کے دوران مغربی فضائی تلاطم کے نتیجے بحیرہ عرب سے شمال مغربی ہندوستان کی طرف چلنے والی جنوب مغربی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں معمولی کمی واقع ہوگی، اور گرمی کی لہر کے حالات کم ہوں گے”.محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہا کہ “گزشتہ چند دنوں میں، گرمی کی لہر نے پورے شمال مغربی ہندوستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50+ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جیسا کہ راجستھان کے چورو میں درج ہوا ہے”۔تاہم، موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ ملک کے متعدد علاقوں میں خشک موسم کے ساتھ شدید گرمی کی لہر یکم جون تک جاری رہے گی۔