سرینگر/ پیر پنچال کے آ ر پار بدھ کو دوسرے روز میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہاجبکہ شمالی کشمیر کے اکثر علاقوں میں چمک و گرج کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ اس دوران مسلسل بارشوں کی وجہ سے پسیاں گر آ نے کے نتیجے میں بدھ کو جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ محکمہ موسمیات کے صوبائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ 7تاریخ سے موسم ٹھیک ہو جائے گا‘‘ ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمیشنر گاندربل اور ایس ڈی ایم کنگن نے فرفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے بالائی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی ہے ۔ شمالی کشمیرسے موصولہ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ہے جس سے شگوفے گر گئے۔ضلع بارہمولہ کے تحصیل کریری میں شدید ژالہ باری ہوئی جس سے یہاں بادام کے شگوفوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ وادی میں پچھلے دو روزسے بارشوں سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے ۔ادھر سونہ مرگ ،زوجیلا ،گگن گیر اورگنڈ کنگن کے علاوہ سرینگر لیہہ شاہراہ کے مختلف مقامات پر دوران شب برفباری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو بدھ کو وقفے وقفے سے جاری تھا۔گلمرگ ، کھلن مرگ، افروٹ پہاڑیوں اور بابا ریشی کے ملحقہ علاقہ جات میں دوران شب برفباری ہوئی۔کپوارہ ضلع کے میدانی علاقوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات پہلے شدید بارشیں ہوئیں جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہیں جبکہ ضلع کے بالائی علاقوں جن میں بنگس ،زیڈ گلی، پھرکیاں گلی ، چوکی بل ،نستہ چھن گلی پر بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری ہوئی ہے۔پہلگام کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں جاری رہیں جبکہ سیاحتی مقام پہلگام ،آڑو، چندن واڑی ،امرناتھ گپھا،پنجترنی،مہاگنس ٹاپ،پسو ٹاپ،شیش ناگ اور ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔ادھر بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، اوڑی ، پلوامہ شوپیاں میں بھی شدید بارشوں کی اطلاع ہے۔ گاندربل سے ارشاد احمدنے اطلاع دی ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل اور ایس ڈی ایم کنگن نے فرفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے بالائی علاقوں گنڈ،سونہ مرگ،وٹہ لار،ولی وار،چنتھن،گلاب پورہ اور چیونٹی ولی وار سے تعلق رکنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی نقل وحمل محدود رکھیں کیونکہ ان علاقوں میں پسیاں اورپتھر گر آنے کا خطرہ ہے۔