سرینگر/شمالی کشمیر کے سوپور میں جمعرات کو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران دو مقامی جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کے بعد جھڑپیں ہوئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوان مظاہرین نے فورسز اہلکاروں کو گنڈ برٹھ کلان علاقے سے نکلنے کے موقع پر سنگباری کا نشانہ بنایا جہاں اُنہوں نے رات بھر چلنے والے آپریشن کے دوران دو جنگجوئوں کو جاں بحق کیا۔
انہوں نے کہا کہ فورسز نے جونہی آپریشن ختم کرکے وہاں سے نکلنے کا آغاز کیا تو مظاہرین نے انہیں سنگباری کا نشانہ بنایا جس کے جواب میں فورسز اہلکاروں نے آنسو گیس کے گولے داغے۔
اس سے قبل دو مقامی جنگجو، اُویس بٹ اور طاہر احمد ڈار فورسز کے ساتھ رات بھر چلنے والی معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔
دریں اثناء سوپور اور مضافات میں دو جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کے ماتم میں ہڑتال رہی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سبھی دکان اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔