عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل// امرناتھ یاتریوںکے پہلے قافلے کو گاندربل ضلع کے دومیل بالہ تل سے صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے باقاعدہ جھنڈ ی دِکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہداقبال چودھری جو بالہ تل محور کے لئے نوڈل آفیسر ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور، ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔افسران نے یاتریوں کو نیک خواہشات پیش کیں اور ان کے کامیاب سفر کے لئے دعا کی۔بالہ تل بیس کیمپ ’ بم بم بھولے‘ اور ’ہر ہر مہادیو‘ کے نعروں سے گونج اُٹھا، جب ہزاروں یاتریوںنے گپھاکے درشن کے لئے اپنا سفر شروع کیا۔ یاتریوں میں مرد، خواتین، بزرگ عقیدت مند اور سادھو شامل تھے۔یاتریوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ، امرناتھ شرائین بورڈ (ایس اے ایس بی ) اور پولیس کی جانب سے کئے گئے مضبوط اِنتظامات پر خوشی و اطمینان کا اِظہار کیا۔انہوں نے احسن اور محفوظ یاترا کے لئے کی گئی بہترین سہولیات اور ہم آہنگی کو سراہا۔انتظامیہ نے یاتریوں کی حفاظت اور بہبود کے لئے ہمہ وقت سیکورٹی، مکمل طبی سہولیات، صفائی ستھرائی کے اِنتظامات اور دیگر لازمی خدمات کو یقینی بنایا ہے۔