شوپیاں// جمعہ کی شام اچھہ بل اننت ناگ میں مارے گئے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکاروںمیں سے ایک پولیس اہلکار سبزار احمد چک عمر 30ولد فاروق احمد چک کے نماز جنازہ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔ پولیس اہلکار سبزار احمد کی میت جب اسکے آبائی گائوں نوگام، جو کہ شوپیاں سے قریب دس کلومیٹر دورہے ،جب پہنچائی گئی تو گاؤں میں ہر طرف ماتم چھا گیا۔بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلے اور سبزار کے گھر پہنچ کر یکجہتی کا اظہار کیا اور سبزار کے آخری سفر میں شامل ہوکر اُسے پُر نم آنکھوں سے سپردخاک کیا۔ہلال احمد جو کہ سبزار احمد کا رشتہ دار ہے، کے مُطابق گھر والوں کی ساری اُمیدیں سبزار سے ہی وابستہ تھیں۔ ایک ماہ قبل سبزار کی شادی ہوئی تھی ۔ ماں باپ کے علاوہ سبزار کے چار بھائی ہیں۔