سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر اور سرینگر پارلیمانی انتخابی امیدوار نذیر احمد خان نے حلقہ انتخاب بیروہ کے بٹہ پورہ، رازون، رٹھسن، اوہن گام، بیروہ، آروہ وغیرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران الزام عائد کیا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ سے ریاستی عوام کے احساسات اور جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرکے اپنے حقیر ترین مفادات کو پورا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ دوغلی پالیسی اور دہری زبان اس جماعت کا شیوہ رہا ہے۔ نذیر احمد خان نے نیشنل کانفرنس کی لیڈر شپ پر آئے دن بیانات بدلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کبھی یہ جماعت پاکستان اور مظفرآباد پر بمباری کی وکالت کرتی ہے اور کبھی حریت کے ہڑتالی کیلنڈر کو جائیز قرار دیکر اپنے ورکروں کو پتھر بازی اور حکومت کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے مشورے دیتی ہے۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس لیڈران کو مشورہ دیا کہ ایک منشور اور پالیسی کو اپنا کر عوام کے سامنے اپنا حقیقی موقف رکھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ ریاستی عوام کی قدروں اور احساسات کو مقدم رکھا اور اقتدار میں آکر کسی بھی جماعت کے ساتھ ہاتھ ملانے سے پہلے ایک لائیحہ عمل اور ایجنڈا ترتیب دیکر عوام کی بہبود اور تحفظ کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ہمہ گیر ترقی اور امن کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ روابط اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے پی ڈی پی ہمیشہ کوشان رہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بار بار پاکستان اور چین کے ساتھ ملنے والے راستوں کو کھولنے اور انہیں تجارتی اور آواجاہی کے لئے آسان بنانے کی وکالت کرتی آرہی ہے تاکہ ریاستی عوام کے ساتھ ساتھ ملک میں ترقی کے مزید مواقع فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے آنے والے انتخابات میں پارٹی کو بھر پور نمائیدنگی دینے کے لئے انہیں عوامی خدمت کرنے کا موقعہ فراہم کرنے کی عوام سے اپیل کی۔