سرینگر/سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں لگاتار دوسرے ہفتے بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
حکام نے جامع کے آس پاس نوہٹہ علاقے میں سخت پابندیاں کر رکھی تھیں اور کسی کو بھی گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
میرواعظ کشمیر اور حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین ، میرواعظ عمر فاروق ،جو خانہ نظر بند ہیں ، نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا''لگاتاردوسرے ہفتے جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔لوگوں کو گھروں کا قیدی بناکے رکھا گیا اور قائدین یا سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیجے گئے یا خانہ نظر بند ہیں''۔
میرواعظ ہر نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد سرینگر میں خطبہ دیتے ہیں۔
دریں اثناء مائسمہ علاقے میں نماز کے بعد ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں لبریشن فرنٹ سے وابستہ افراد شامل تھے اور وہ اپنے چیئر مین محمد یاسین ملک کو سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں جیل منتقل کرنے کیخلاف نعرے بلند کررہے تھے۔
علیحدگی پسندوں کے وفاق ،مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج نماز کے بعد ملک کی جیل منتقلی اور جماعت اسلامی پر پابندی کیخلاف مظاہروں کی اپیل کی تھی۔