سوپور// گزشتہ سال کی جدو جہد کے دوران قصبہ سوپور کے کئی افراد پر سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا تھا، جن میں تحریک حریت کے محمد شعبان خان اور عبدالعزیز گنائی کے علاوہ پیپلز لیگ کے محمد لطیف کلو کو دوسری مرتبہ سیفٹی ایکٹ کے تحت دوبارہ کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں محمد شعبان خان جنہیں 20ستمبر2016کو سوپور پولیس نے گرفتار کیا تھا اور بعد میں 24ستمبر کو ان پرسیفٹی ایکٹ لاگو کرکے پولیس سٹیشن سوپور سے کھٹوعہ جیل منتقل کیا ۔ چھ ماہ کی سزا مکمل ہونے پر14فروری کو پولیس سٹیشن سوپور لایا گیا جہاں پولیس نے اس کے خلاف ایک اور کیس درج کرکے25مارچ 2017کو اسے دوبارہ سیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بلوال جیل منتقل کیا ۔ اسی طرح سے80سالہ بزرگ عبدالعزیز گنائی کو اگست2016میں گرفتار کیا گیا تھا اور سیفٹی ایکٹ کی سزا مکمل کرکے بھی اُسے25مارچ کو پولیس سٹیشن سوپور سے کورٹ بلوال جیل دوبارہ سیفٹی ایکٹ کے تحت منتقل کیا گیا جبکہ45سالہ علیل محمد لطیف کلو جسے 27اگست2016 کو سوپور پولیس نے گرفتار کیا تھا اور اسے بھی سیفٹی ایکٹ کے تحت سینٹرل جیل بارہمولہ منتقل کیا گیا تھا اور جونہی اس کی سزا مکمل ہوئی، پولیس نے 24مارچ 2017کو دوسری مرتبہ سیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بلوال جیل منتقل کیا ۔کلو کے لواحقین کے مطابق محمد لطیف کی صحت کافی خراب ہے اور اسکی جراحی ہونے سے قبل ہی ان پر دوسری مرتبہ سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا۔ اسی طرح سے پیپلز لیگ چیئر مین غلام محمد خان سوپوری بھی سیفٹی ایکٹ کے تحت 25مارچ کو کورٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔