زاہدبشیر
گول// گول زون کے تنگالی ہائی سکول میں اس وقت ایک ٹیچر نے دوسرے ٹیچر پر قاتلانہ حملہ کیا جب سکول میں دونوں ڈیوٹی پر مامور تھے ۔بتایا جاتاہے کہ ناظم دین ا ور فاروق احمد میر کے درمیان کچھ تو تومیں میں ہوئی۔ اس دوران فاروق احمد نے کسی تیز دھار ہتھیار سے ناظم دین پر حملہ کیا جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہوگیا اور اس دوران وہاں پر انچارج ہیڈ ماسٹر کو معلوم ہوا جنہوں نے پہلے فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے ناظم دین کو سب ضلع ہسپتال گول منتقل کیا۔ ناظم دین کو سر میں کافی چوٹ آئی ہے جہاں سے اسے جموں منتقل کیاگیا ۔ایس ایچ او گول سمیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ پولیس نے اس معاملے پرایف آئی آر نمبر80درج کر کے مزید تحقیق شروع کر دی ۔کلسٹر ہیڈ وپرنسپل ہائر سکینڈری سکول گول فاروق احمد وا نی نے اس معاملے پر کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ فاروق احمد کے خلاف پہلے بھی کئی ایک دو سکولوں میں اس طرح کے معاملات پر متعلقہ محکمہ کو شکایات آئی تھیں جس وجہ سے محکمہ کی اس پر کڑی نظر تھی،آج یہ سنگین حرکت اس نے کی اور جلد اس پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور معاملے کی تحقیقات باریک بینی سے کی جائے گی۔