بڈگام//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لعل چودھری نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ریاستی عوام کو صاف پانی کی سہولیات بہم رکھنے کو یقینی بنائیں۔وزیر موصوف نے ان خیالات کا اظہار بڈگام میں دودھ گنگا اور سکھ ناگ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے دورہ کرنے کے دوران کیا۔ اس موقعہ پر چیف انجینئر پی ایچ ای کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔شیام لعل چودھری نے دودھ گنگا واٹر لفٹ سپلائی سکیم کا معائینہ کیا ۔ا س دوران انہیں بتایا گیا کہ وہاں 8پمپ نصب کئے گئے ہیں۔انہیں مزید بتایا گیا کہ بجلی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے وہاں دو ٹرانسفارمر نصب کئے گئے ہیں۔دودھ گنگا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی دورے کے دوران انہیں بتایا گیا کہ اس سکیم سے وانی بل ، راولپورہ ، باغات ، برزلہ ، حیدر پورہ ، پیر باغ اور کئی دیگر علاقوں کو پانی سپلائی ہوتا ہے۔بعدمیں وزیر نے سکھ ناگ واٹر سکیم کا بھی دورہ کیا ۔انہیں بتایا گیا کہ یہ سکیم 121 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔انہیں بتایا گیا کہ اس سکیم سے گریٹر سرینگر کے چوتھے زون میں 85بستیوں کو پینے کا پانی فراہم ہوتا ہے۔دورے کے دوران کئی مقامات پر وزیر موصوف سے مقامی لوگ ملاقی ہوئے جنہوںنے اپنے اپنے علاقوںکے مسائل وزیر کی نوٹس میں لائے ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔