جموں /وزیرخوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ محکمہ قبائلی امور جموں صوبہ کے چار اضلاع میں پائیلٹ بنیاد پر 125 بلک ملک کولر نصب کر رہا ہے تاکہ ریاست میں منظم ملک مارکیٹنگ کے ایک نئے دور کی شروعات کی جاسکے۔وزیر نے اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں کمشنر سیکرٹری قبائلی امور، کمشنر سیکرٹری ٹو گورنمنٹ آر کے بھگت، سپیشل سیکرٹری قبائلی امور ، ناظم محکمہ قبائلی امور ، سیکرٹری جموں وکشمیر ریاستی بورڈ برائے گجر بکروال اور چیف ایگزیکٹیو آفسر جے اینڈ کے ملک فیڈریشن موجو د تھے۔وزیر نے محکمہ قبائلی امور کو سانبہ ، کٹھوعہ ، جموں اور راجوری اضلاع میں ابتداً 125بلک مِلک کولرس نصب کرنے کے لئے 2.54کروڑ روپے کی رقم واگزار کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے افسران کو سانبہ میں 50، کٹھوعہ میں 25، جموں میں 25اور راجوری 25بی ایم سیز نصب کرنے کے لئے کہا۔وزیر نے اس سلسلے میں ایک نگرانی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کے سپر وائزر ناظم قبائلی امور ہوں گے جبکہ ناظم پشو پالن جموں کمیٹی کے کو سپر وائزر ، سی ای او جے کے ملک فیڈریشن ممبر سیکرٹری اور متعلقہ ضلع کے چیف اینمل ہسبنڈری افسر ممبر ہوں گے۔وزیر نے کہا کہ ابتداً دودھ 125دیہات کے کسانوں سے حاصل کر کے ان بلک مِلک کوکرس میں ذخیرہ کیا جائے گا جہاں سے انہیں پانچ چلنگ سینٹروں کو بھیجا جائے گا جو سانبہ ، راجوری ، جموں اور کٹھوعہ میں قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دودھ جے کے ملک فیڈریشن خریدے گی اور دودھ کو لانے ،لے جانے اور مارکیٹنگ کا کام بھی یہی ادارہ انجام دے گا۔موجودہ نظام کو ایک غیر منظم نظام قرار دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وہ دودھ کی صنعت کو ایک منظم شعبہ کے طور پر ترقی دینا چاہتے ہیںاور اسی غرض سے بلک مِلک کوکر مشینیں نصب کی گئی ہیں۔