ترال// ترال کے دودھ مرگ کہلیل میں قائم ایک سرکاری ہائی سکول میں گیارہ جماعتوں میں زیر تعلیم بچوں کو پڑھانے کے لئے صرف آٹھ اساتذہ تعینات ہیں ۔ ترال قصبہ سے تقریباً8کلومیٹر دور گوجر بستی دودھ مرگ کہلیل میں قائم سرکاری ہائی سکول میں گیارہ جماعتوں میں 135 طلاب زیر تعلیم ہیں جن کے درس و تدریس کیلئے8اساتذہ تعینات ہیں۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ ادارے میں زیر تعلیم بچے والدین کے مطابق معیاری تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ علاقے کے دیگر ہائی سکولوں میں اسی تعداد سے کم بچوں کو پڑہانے کیلئے15سے زائد اساتذہ کے علاوہ غیر تدریسی عملہ بھی تعینات ہے تاہم اس سکول میں اساتذہ کی کمی طلاب کے ساتھ نا انصافی ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی غیر سنجیدگی سے یہاں زیر تعلیم طلاب کا مستقبل خطرے میں ہے۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے اس سلسلے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے ۔