اشتیاق ملک
ڈوڈہ //دو روز تک مسلسل بارشوں و برفباری کے بعد اتوار کو مطلع صاف رہا اور اس کے ساتھ ہی دھند و دھواں سے لوگوں کو نجات ملی تاہم سڑکوں پر بھاری پھسلن، کورا و برف جمع رہنے سے ٹریفک نظام معطل رہا جبکہ پانی کے نل منجمد ہوئے اور 40گھنٹے بعد سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ٹھاٹھری و بھدرواہ کے مضافات میں بجلی بحال کی گئی لیکن ابھی بھی کچھ دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام منقطع ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی دوپہر سے ڈوڈہ ضلع کے شہر و گام میں شروع ہوئی بارش و برفباری کا سلسلہ ہفتہ کو بھی دن بھر جاری رہا تاہم اتوار کو مطلع صاف رہا اور دن کو تیز دھوپ رہی۔اس دوران ضلع کی اہم شاہراہوں پر وقفے وقفے سے ٹریفک بحال رہا تاہم اندرونی دیہات کو جوڑنے والی سڑکوں پر بھاری پھسلن، کورا و برف جمع رہنے سے ٹریفک کی آمد ورفت متاثر رہی۔وہیں بجلی کی 33کے وی و 11کے وی ترسیلی نظام میں خرابی کے باعث سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ و ڈوڈہ کے دیگر علاقوں میں 40گھنٹے بعد بجلی بحال کی گئی اور بھی کچھ دیہات میں بجلی نظام منقطع ہے۔برفباری و بارشوں کے بعد درجہ حرارت منفی سطح پر پہنچا ہے جس کے نتیجے میں پانی کے نل و دیگرسکیمیں منجمد ہوئیں ہیں۔ادھر ضلع و سب ڈویژنل انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے غیر ضروری سفر سے احتیاط کرنے و ایمرجنسی کے دوران کنٹرول روم و ہیلپ لائن نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔