یواین آئی
بلاوایو/ویان ملڈر کے پاس بلاوایو میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں برائن لارا کا 400ناٹ آؤٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کا موقع تھا، دوسرے دن جب لنچ ہوا تو ملڈر 367 پر ہی پویلین گئے تھے ، لیکن بریک کے دوران قائم مقام کپتان ملڈر نے اننگ ڈکلیئر کردی اور وہ لارا کا ریکارڈ توڑنے اس لئے نہیں گئے کیونکہ انہیں لگا کہ یہ ریکارڈ لارا کے نام ہی رہنا چاہیے ۔دن کے کھیل کے بعد سپر اسپورٹس پر شان پولاک کو دئے ایک انٹرویو میں، ملڈر نے کہا، “سب سے پہلے میں نے سوچا کہ ہم نے کافی رنز بنائے ہیں اور اب ہمیں گیندبازی کرنی چاہیے اور دوسری بات یہ کہ برائن لارا ایک لیجنڈ ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 401 (400 ناٹ آؤٹ) یا جو بھی بنایا تھا اور ان کے درجے کے کسی کھلاڑی کے لیے یہ ریکارڈ رہنا خاص ہے ۔
مجھے لگتا ہے کہ اگر مجھے دوبارہ یہ موقع ملا تو بھی میں ایسا ہی کروں گا۔ملڈر نے کہا، “میں شکس (شکری کونراڈ، جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ) سے بات کر رہا تھا اور انہوں نے بھی مجھے یہی کہا کہ بڑے اسکور بڑے کھلاڑیوں کے پاس ہی رہنے دینا چاہیے ۔ میں نہیں جانتا کہ میری قسمت میں کیا ہے لیکن لارا جیسے کھلاڑی کے پاس یہ ریکارڈ ہونا واقعی خاص ہے ۔ملڈر نے کئی اور ریکارڈ اپنے نام کیے ، وہ ہاشم آملہ (311 ناٹ آؤٹ) کے بعد ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے صرف دوسرے جنوبی افریقی کھلاڑی بن گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ریکارڈ کے قریب پہنچے تو گانا گا کر اپنے جذبات پر قابو پالیا۔ انہوں نے کہا، “میرے ذہن میں بہت سے خیالات آ رہے تھے ۔ اس لیے میں گانے گا کر اپنے آپ کو حال میں رکھنے کی کوشش کر رہا تھا اور سچ پوچھیں تو جب میں نے ہیش (آملا) کا اسکور عبور کیا تو مجھے خود بھی پتہ نہیں چلا۔ میں سوچ رہا تھا کہ میں ابھی تو میں 300 پر تھا۔ لیکن یہاں پہنچنا میرے لیے یقیناً خاص تھا۔”مولڈر نے کہا کہ یہ سب میرے لیے بہت خاص ہے ۔ سچ پوچھیں تو میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں ڈبل یا ٹرپل سنچری اسکور کروں گا ،تاہم سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن میں رکھا جائے اور ہم یہ ٹیسٹ میچ جیتیں۔ جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ کونراڈ نے کہا، “ویان نے ایک غیر معمولی اننگ کھیلی۔ ایک کپتان کے طور پر، انہوں نے تیسرے نمبر پر بلے بازی کی جہاں نئی گیند کا سامنا کرنے کا چیلنج ہوتا ہے اور انہوں نے خود کو دباؤ کی صورت حال میں اچھی طرح ڈھال لیا۔ انہوں نے سیشن کے حساب سے بلے بازی کی اور اپنے شاٹس کو بھی بہت اچھے طریقے سے سلیکٹ کیا۔ انہوں نے میچ کا ٹون سیٹ کردیااور ہم سب کو ان کی کارکردگی پر فخر ہے ۔