سرینگر//چلہ کلان میں بہار جیسی دھوپ کے بیچ پانی کے نل اور لائنیں جم جانے سے شہر سرینگر میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہوتے جارہے ہیں۔دن میں دھوپ اور صبح وشام شدید سردی کی وجہ شہر سرینگرکے کئی علاقوں میںپانی کی لائنیں منجمد ہو کر رہ گئی ہیں اورلوگوں کو پانی کی ایک ایک بوندھ کیلئے ترسنا پڑ رہا ہے۔لوگوں نے پانی کی عدم دستیابی پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بنیادی سہولیات کے حوالے سے پریشان حال ہیں ۔رعناواری،سعیدہ کدل ،کاٹھی دروازہ ،نوہٹہ،گوجوارہ حول،چھانہ پورہ ،نٹی پورہ اور دیگر درجنوں علاقوں سے لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور سرکاری کی طرف سے متبادل انتظامات نہ کرنے پر زبردست تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ منفی درجہ حرارت کی وجہ جہاں آبی ذخائیر منجمد ہوئے ہیں وہیں واٹر سپلائی اسکیموں میں پانی کی روانی تھم گئی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں نے پینے کے پانی کے حوالے سے فوری طور پر متبادل انتظامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار عوام کو ان سخت ترین ایام میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی مظاہرہ کرے۔(سی این ایس)