سرینگر// مرکز کی طرف سے نامزد مذاکراتکار دنیشور شرما نے جمعرات کو مشن کشمیر کی ایک اور اننگ کا آغاز کرتے ہوئے جنوبی ضلع شوپیاں میں کئی وفود سے ملاقات کی۔ دنیشور شرما ٹھیک ایک بجے قصبہ شوپیاں پہنچے اور اسکے بعد انہوں نے سرکٹ ہاوس شوپیاں میں قیام کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیشور شرما نے دن بھرضلع کے تقریبا ً18 نمائندہ وفود سے ملاقاتکی اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے وفود سے تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق عوامی وفود ،جن میں زیادہ تر گوجر بکروال طبقے سے تعلق رکھتے تھے ،نے بنیادی سہولیات ،جن میں بجلی ،پانی اور سڑکوں کی خستہ حالی اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں نظر انداز کئے جانے والے مطالبات رکھے ۔معلوم ہوا ہے کہ مرکزی مذاکراتکار سے دیگر وفود کے علاوہ ٹرانسپورٹر،شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ جنگجویانہ حملوں میں ہلاک ہوئے پولیس اہلکاروں کے افراد خانہ نے بھی ملاقات کی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ قصبہ شوپیاں کے کسی بھی نمائندہ وفد نے مذاکرات کار سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی حال ہی میں جاں بحق ہوئے3شہریوں کے اہل خانہ دنیشور شرما سے ملاقی ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیشور شرما رات کو شاپیان میں قیام کرنے کے بعد آج کولگام جائیں گے۔