نئی دلی//جموں وکشمیر کے لئے مرکز کے خصوصی نمائندے دینشور شرما نے یہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران شرما نے وزیراعلیٰ کو ریاست میں سماج کے مختلف طبقوں سے حالیہ بات چیت کے بارے میں آگاہی دلائی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شرما نے وادی کے دورے میں بانڈی پورہ اور ترال میں عوامی وفود سے ہوئی ملاقوں کے دوران ابھارے گئے نکات کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی۔یہ معاملات انتظامی امور سے متعلق تھے۔معلوم ہوا ہے کہ شرما نے اعتماد سازی کے مزید اقدامات اٹھانے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کیساتھ تفصیل سے مشاورت کی اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بھی گفت و شنید کی گئی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ دنیشور شرما نوجوانوں کے لئے ایک منصوبہ تیار کررہے ہیں جس کے فائدے زمینی سطح پر عیاں ہوسکتے ہیں ۔اس ضمن میں وزارت داخلہ کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سوموار کو دنیشور شرما وزارت داخلہ کے کئی افسران سے ملاقی ہونے والے ہیں۔