یواین آئی
نیویارک// اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دنیا کو اسرائیل اور اس کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے بتدریج انضمام سے ’’مرعوب‘‘ نہیں ہونا چاہیے۔اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ اگر مغربی ممالک اقوامِ متحدہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبے کو آگے بڑھاتے ہیں تو وہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کر لے گا۔تاہم انتونیو گوتریس نے کہا ’’ہمیں جوابی کارروائی کے خطرے سے ڈرنا نہیں چاہیے، ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ چاہے کریں یا نہ کریں، اسرائیل کی جانب سے کارروائیاں ویسے ہی جاری رہیں گی، کم از کم ہمیں بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کا موقع تو ملے گا تاکہ ان اقدامات کو روکا جا سکے۔‘‘یہ گفتگو اقوامِ متحدہ کے سالانہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے قبل ہوئی ہے، جس میں فرانس کے مطابق 10 ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے، جب کہ اسرائیل نے اس کی سخت مخالفت کی ہے۔دنیا بھر کے 140 سے زائد سربراہانِ مملکت کے اس اجتماع کے دوران غالب امکان ہے کہ فلسطینیوں کے مستقبل اور غزہ کی جنگ پر بحث چھائی رہے گی۔ غزہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے گوتریس نے کہا ہم غزہ میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ انتہائی ہولناک ہے۔ انھوں نے کہا یہ اموات اور تباہی کی ایک ایسی بدترین صورت ہے جو میں نے نہ اپنی پوری زندگی نہیں دیکھی۔انھوں نے کہا قحط، مؤثر طبی سہولیات کی مکمل عدم دستیابی، اور لاکھوں افراد کا مناسب پناہ گاہوں کے بغیر ایک ہی جگہ پر غیر منظم حالت میں زندگی گزارنا، فلسطینی عوام کی ایسی تکالیف ہیں جنھیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔