کولگام//کولگام کے دمہال ہانجی پورہ میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے پائپ لائن بچھانے میں تاخیرکے خلاف لوگوںنے احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے الزام لگایاکہ محکمہ پی ایچ ای کے انجینئراورفیلڈملازمین گزشتہ18مہینوں سے نئی بستی میرپورہ کے لوگوں کوپینے کاصاف پانی فراہم کرانے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں ۔انہوںنے خبردارکیاکہ اگرندی نالوں کاناصاف پانی استعمال کرنے سے متاثرہ بستی میں کوئی بیماری پھوٹ پڑی تواسکے لئے متعلقہ محکمہ ذمہ دارہوگا۔احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ لگ بھگ ڈیڑھ برس قبل محکمہ پی ایچ ای کی طر ف سے متاثرہ بستی تک صاف پانی پہنچانے کیلئے پائپیں بچھانے کا کام ہاتھ میں لیا گیا اور درکار 200پائپوں میں سے تقریباً100 پائپیں یہاں پہنچائی گئیں لیکن کچھ وقت کے بعد ان میں سے کئی پائپوں کو یہاں سے لے جا کر کسی دوسری جگہ استعمال کیا گیا۔ ہاتھوں میں خالی برتن لئے احتجاج کر رہی خواتین نے کہا ’’ ہم ڈیڑھ برس سے صاف پانی کا انتظا ر کر رہی ہیںاور محکمہ پی ایچ ای ہماری زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں ‘‘۔کولگام روڑ پر احتجاجی دھرنے پر بیٹھے مردوزن کا کہنا تھا کہ وہ اپنا احتجاج تب تک جاری رکھیں گے جب تک انتظامیہ کی طرف سے کوئی معقول یقین دہانی نہیں کی جائے گی۔ اس دوران متعلقہ تحصیلدار جائے واردات پر پہنچ گئے اور انہوں نے احتجاجی افراد کو یقین دلایا کہ تین روز کے اندر اندر نئی بستی میر پورہ دمہال ہانجی پورہ تک صاف پانی پہنچانے کیلئے پائپیں بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا۔