سرینگر // سکمز کے شعبہ امراض قلب نے سنیچر کو دل کے بائیں آرٹریم کے حصہ میں جلدجراحی کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔ شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر ہلال احمد راتھر نے بتایا کہ یہ جراحی جموں و کشمیر میں اس نوعیت کی پہلی جراحی ہے اور اس جراحی کو امرت انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوچی کیرلا کے ڈاکٹر ایڈون فرانسس کی نگرانی میں انجام دیا گیا ۔ جراحی انجام دینے والی ٹیم میں پروفیسر ہلال احمد راتھر ، ڈاکٹر عامر رشید ، ڈاکٹر اقرا اور دیگر نیم طبی عملہ شامل تھا ۔ مریض کو فورا ًاسپتال سے چھٹی دی گئی اور اسکی حالت مستحکم تھی۔ ڈاکٹر ہلال نے کہا کہ اس جراحی سے مریضوں کو کافی راحت میسر ہوگی۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول نے کہا کہ سکمز میں شعبہ امراض قلب کافی جدید ہے اور یہاں مختلف جراحیاں انجام دی جاتی ہیں جو کافی کامیاب رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی کارڈیولوجی کیتھ لیبارٹری جلد سکمز پہنچے گی جس سے ان جراحیوں میں کافی مدد ملے گی۔