سرینگر/دلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو تین کشمیری علیحدگی پسند لیڈران شبیر شاہ، مسرت عالم اور آسیہ اندرابی کو 12جولائی تک جوڈیشل حراست میں بھیجدیا۔ مذکورہ تینوں علیحدگی پسند لیڈران کومبینہ فنڈنگ کیس میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کر رکھا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پٹیالہ ہائوس کورٹ ، دلی میں ایڈیشنل سیشن جج انیل آنٹل کی عدالت نے تینوں ملزموں کو 12جولائی تک جوڈیشل حراست میں بھیج دیا ۔
اطلاعات کے مطابق دوران شنوائی آسیہ اندرابی نے عدالت سے درخواست کی کہ اُنہیں خرابی صحت کی بنا پرآئندہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے ۔ اس موقع پر عدالت نے آسیہ کے وکیل سے کہا کہ وہ اس ضمن میں چھٹیوں کے بعد عدالت کومطلع کریں۔
یاد رہے کہ شبیر شاہ کوانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جولائی2017کو سرینگر سے گرفتار کرکے دلی پہنچایا جہاں اُسے دس روز قبل این آئی اے نے پوچھ تاچھ کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
اسی طرح آسیہ اندرابی بھی 2017سے ہی دلی میں مقید ہیں جبکہ مسرت عالم چالیس دن کو چھوڑ کر2010سے مسلسل ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔ اُنہیں حالیہ دنوں ریاستی جیل سے دلی منتقل کیا گیا جب اُنہیں بھی این آئی اے نے مبینہ فنڈگ کیس کے سلسلے میں حراست میں لے لیا۔