سرینگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نئی دہلی کو خبردار کیا ہے کہ اگر انکی جماعت کو توڑنے کی کوششیں کی گئیں تو مزید صلاح الدین اور یاسین ملک جیسے نوجوانون جنم لیں گے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ نقشبند صاحبؒ میںمزار شہداء پر13جولائی1931کے شہدا کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے اپنی جماعت کے اندر بغاوت پر کہا کہ ہر گھر میں اختلافات پیدا ہوتے ہیں اور ان اختلافات کو مل بیٹھ کر دور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نئی دہلی (مرکزی حکومت) پی ڈی پی کو توڑنے اور عوام کے ووٹوں پر شب خون مارنے کی مرتکب ہوئی تو کشمیر میں نئے صلاح الدین اور یاسین ملک جنم لے سکتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا ’ہر جماعت میں اختلافات پیدا ہوتے ہیں، گھر میں بھی اختلافات پیدا ہوتے ہیں جن کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ مگر اگر دلی نے 1987 کی طرح ،جب انہوں نے یہاں کے لوگوں کے حقوق اور ووٹ پر ڈاکہ ڈالا، اگر اُس قسم کی کوئی کوشش کی گئی تو میں سمجھتی ہوں کہ جس طرح 1987 میں ایک صلاح الدین اور ایک یاسین ملک نے جنم لیا، اگر آج انہوں نے کسی قسم کی کوشش کی تو (ویسے ہی حالات پھر پیدا ہوسکتے ہیں)‘۔ انہوں نے کہا ’ دہلی کے بغیر کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوسکتی ،میری جماعت مستحکم ہے۔،گھروں میں مسئلے پیدا ہوتے ہیں ان کو سلجھایا جاسکتا ہے۔ اگر دلی والوں نے پی ڈی پی کو توڑنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج بہت ہی خطرناگ ثابت ہوں گے‘۔ان کے ہمراہ ممبر اسمبلی سونہ وار محمد اشرف میر، شیخ نور محمد،انجم فاضلی اور قانون ساز کونسل کے ممبر محمد خورشید عالم بھی تھے۔