نئی دہلی //قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دلی میں جموں و کشمیر، ممبئی، دہلی اور ناگپور سے تعلق رکھنے والے 9افراد کو گرفتار کرکے انکی تحویل سے پرانی کرنسی کے 36 کروڑ روپے بر آمد کئے۔ ایجنسی نے اس بات کا دعویٰ بھی کیا کہ کرنسی کو بدلنے کی کوشش کی جارہی تھی۔این آئی اے ترجمان نے کہا کہ کناٹ پیلس نئی دہلی میں 7افراد کو روکا گیا جو28گھتے کے ڈبوں کو لیجارہے تھے۔لیکن تلاشی لینے کے بعد ان ڈبوں میں سے پرانی کرنسی کے1000اور500 نوٹوں کو چار گاڑیوں میں بھرا گیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ گرفتار افراد کو ہیڈکوارٹر لایا گیا جہاں انکی پوچھ تاچھ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کل ملا کر 36کروڑ34لاکھ کی پرانی کرنسی بر آمد کی گئی۔اسکے علاوہ شام کو اس گروہ کے مزید 3افراد کو حراست میں لیا گیا۔ابتدائی پوچھ تاچھ کے بعد 9افراد کو تحویل میں لیا گیا اور انہیں این آئی اے کورٹ میں بدھ کو پیش کیا جائیگا۔گرفتار شدہ افراد کی شناخت عمر مشتاق ڈار پلوامہ،شہنواز احمد میر سرینگر،ماجد یوسف صوفی اننت ناگ،پردیپ چوہان،بھگوان سنگھ اور ونود شردھر ساکنان دہلی، دیپک ٹوپرانی ممبئی،اعجاز الحسن امروہ، جسوندر سنگھ ناگپور شامل ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے بارے میں اطلاعات آرہی تھیں جن کا تعلق ٹیرر فنڈنگ سے متعلق تھا۔پوچھ تاچھ میں یہ بات سامنے آئی کہ ان سبھی کا تعلق علیحدگی پسندوں اور جنگجوئوںکے ساتھ تھا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ لوگ کرنسی کو تبدیل کرنے کی کوشش میں تھے۔