سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بات چیت کی اور انہیں دلی اور ہماچل پردیش میں ریاست کے لوگوں کو ہراساں کرنے کے چند معاملات اُن کی نوٹس میں لائے۔وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایات دیں تاکہ ریاست کے لوگ جو باہر کے ریاستوں میں تعلیم حاصل کرنے ، تجار ت کرنے یا دیگر ضروری کام انجام دینے کے لئے جاتے ہیں انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ بغیر کسی مداخلت کے اپنی سرگرمیاں جار ی رکھ سکیں۔مرکزی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ ان معاملات میں ضروری اقدامات کریں گے اور شرارت پسندوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے ۔بیرون ریاست کشمیری طلبا ء اور تاجروں کی ہراسانی اور اُن پر فرقہ پرستوں کی جانب سے جاری تشدد کا معاملہ اتوار کو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ اُٹھاتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف سختی سے نمٹنے کا مطالبہ کیا۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی تمام سیکورٹی ایجنسیوں کوہدایات جاری کرتے ہوئے ملک بھر میں کشمیریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اتوار کو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ مختلف معاملات پر گفتگو کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ کو وادی میں سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے حکومت ، فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے کئے جارہے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر کو حال ہی میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس اور یونیفائڈ ہیڈکوارٹرس میٹنگ سے بھی واقف کرایا۔ وزیر اعلیٰ نے ان میٹنگوں میں ہوئی پیش رفت اور وادی میں امن کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے سبھی سیاسی جماعتوں کی جانب سے تجاویز سے بھی باخبر کرایا۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک کے کئی حصوں میں کشمیری طلاب، کاروباری افراد اور دیگر کام کررہے لوگوں پر فرقہ پرستوں کی جانب سے ہورہے حملے کا معاملہ بھی اُٹھایا جس دوران وزیر داخلہ را ج ناتھ سنگھ نے ایسے واقعات پر اپنی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے ملک کی دیگر ریاستوں بشمول دہلی، ہماچل پردیش، ہریانہ، راجستھان میں کشمیری طلبا ، تجارت پیشہ افراد اور دیگر کام کررہے لوگوں پر فرقہ پرستوں کی جانب سے ہورہے حملے وزیر داخلہ کی نوٹس میں لاتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی تمام متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دیں تاکہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں کشمیری نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنی منصبی ذمہ داری ادا کریں۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ان معاملات کو سنجیدگی کے ساتھ لیں گے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔ واضح رہے گزشتہ ہفتوں سے ملک کی دیگر ریاستوں میں کشمیریوں پر پے دے پے حملے ہورہے ہیں جس سے باقی لوگوں کے اندر خوف کا ماحول قائم ہوا ہے۔ حال ہی میں نئی دہلی میں ایک کشمیری خاتون کو دیر شام کچھ لوگوںنے مار پیٹ کر بری طرح زخمی کیا جبکہ ہماچل پردیش میں ایک کشمیری دکاندار کو کچھ فرقہ پرستوں نے دکان کے اندر شدید مارا پیٹا اور بعد میں دکان کی توڑ پھوڑ کی کی۔