حسین محتشم
پونچھ//مقامی باشندوں کے مطابق دلہان گاؤں کی پانچ کلو میٹر لمبی سڑک کئی سال پہلے محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے تیار کر کے میگڈامائز کیا گیا تھا لیکن کچھ عرصہ گزرنے کے بعد ہی سڑک کی حالت خستہ ہو گئی جبکہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے مقامی باشندوں کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔منظور حسین نامی مقامی شخص نے کہا کہ سڑک پر سفرکے دوران انہیں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا سڑک پر جگہ جگہ شگاف بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بارش کے دوران مقامی باشندوں کی پریشانیوں میں تشویشناک اضافہ ہوجاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو کافی دشواری ہوتی ہے۔ایک اور مقامی شخص محمد اکرم نے بتایا ابتر سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بھی پوری طرح متاثر ہوتی ہے، کئی بارمریض ہسپتال تک پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا گاؤں عرصہ دراز تک سرحدی کشیدگی کا شکار رہا۔ انہوں نے کہا ان کے گاؤں میں گولہ باری ہوتی رہی اب جب سیز فائر ہوا ہے تو انہوں نے راحت کی سانس تو لی ہے لیکن سڑک کی وجہ سے اور دیگر سہولیات کے عدم فراہمی کی وجہ سے وہ ابھی بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان ان لوگوں کے مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔محمد رزاق نامی مقام شہری کا کہنا تھا کہ ان کے گاؤں کے ایک مولوی غلام دین نامی شخص کو اشوک چکر ملا کیونکہ انہوں نے ملک کی فوج کے ساتھ مل کر یہاں سے دشمنوں کا مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی نے من کی بات کے دوران مولوی غلام دین کا نام بھی لیا تھا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا تھا لیکن ان کے گاؤں کے لوگ مشکلات سے دوچار ہیں ان کا ازالہ نہیں کیا جاتا۔انہوں نے اعلی حکام سے سڑک کی مرمتی کرنے کا مطالبہ کیا۔گاؤں کے ایک معذور شخص کا کہنا تھا کہ انہیں کئی کلومیٹر سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے پیدل چلنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خود گاؤں کا دورہ کر کے سڑک کا معائنہ کریں اور اس کے بعد اس کی مرمت کروائیں تاکہ وہاں کے لوگوں کو گونا گو مشکلات سے نجات حاصل ہو۔
دلہان گائوں میں خستہ حال سڑک سے لوگوں کی پریشانی میں اضافہ
