عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سری نگر کے رعنا واری علاقے میں واقع تاریخی بادام واری میں لگے بادام کے درختوں پر پھوٹے دلکش شگوفوں کے دیدار سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ یہاں لگے بادام کے درختوں پر پھوٹے سفید و گلابی رنگ کے شگوفوں سے ہر سو جنت کا سماں بندھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بادام کے درختوں پر پوٹھے یہ شگوفے قابل دید ہیں جن سے روح کو سکون اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ قطعہ اراضی سفید و گلابی رنگ کے پھولوں کے لباس میں ملبوس سیاحوں کی آمد کی منتظر ہے۔
ایک غیر مقامی سیاح نے بتایا کہ میں کشمیر باغ گل لالہ دیکھنے آیا تھا لیکن آج یہاں آکر معلوم ہوا کہ یہاں گل لالہ جیسی خوبصورت جگہیں ہر طرف موجود ہیں۔انہوں نے کہا: ‘یہاں آکر محسوس ہوا کہ سچ مچ کشمیر کا چپہ چپہ جنت ہے اور یہاں ہر موسم کی اپنی الگ کی شان و شوکت ہے’۔ایک مقامی سیاح نے بتایا کہ ماہ رمضان کے باوجود بھی مقامی سیاح یہاں آکر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘بادام کے شگوفے کھلنے کے ساتھ یہاں ہر سال مقامی سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس جگہ کی دیکھ ریکھ کے لئے مزید اقدام کرنے کی ضرورت ہے اور زیادہ سے زیادہ بادام کے درخت لگانے کی بھی ضرورت ہے’۔بتادیں کہ بہار نو کی آمد کے ساتھ ہی وادی کے دیگر مشہور سیاحتی مقامات و باغات کی طرح بادام واری میں بھی سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے اور خاص طور پر مقامی لوگ اپنی تھکن اور دنیاوی پریشانیوں سے چھٹکارا پانے کے لئے بادام واری میں حاضر ہو جاتے ہیں۔