سرینگر// شمالی ضلع بارہمولہ کے دلنہ علاقے میں جمعہ کے روز ایک29سالہ موٹر سائیکل سوار اُس وقت جاں بحق ہوگیا جب اُسے ایک تیز رفتارٹپر نے زد میں لایا۔اس حادثے میں مزید دو افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل کو سرینگر۔بارہمولہ شاہراہ پر دلنہ کے نزدیک ایک ٹپر نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں اس کو چلانے والا مدثر علی گنائی ولد علی محمد گنائی ساکن کنی پورہ بانڈی پورہ سمبل جاں بحق ہوگیا۔
زخمی ہونے والے دو افراد میں ایک کمسن بچی بھی شامل ہے جنہیں ضلع اسپتال بارہمولہ لیجایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹپر کا ڈرائیور حادثے کے بعد جائے حادثہ سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے اور فرار ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔