حیدرآباد// تلنگانہ کے پداپلی ضلع کے منتھنی ٹاون میں دلت نوجوان مدھوکر کی موت پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ سی پی آئی کے سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ کی عدالتی جانچ کے احکام جاری اور خاطیوں کو جو کتنے بڑے ہی کیوں نہ ہوں، کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ پریس ریلیز میں سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ مقتول دلت نوجوان اونچی ذات کی لڑکی سے محبت کرتا تھا جس کے نتیجہ میں مدھوکر نامی اس نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ حکمران ٹی آرایس کے بعض لیڈر اس بیہمانہ قتل کے معاملہ میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی طرف سے حقائق معلوم کرنے والی ٹیم نے پارٹی کے سابق رکن اسمبلی گنڈو ملیش کی قیادت میں اس گاوں کا دورہ کیا اور اس نوجوان کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ سی پی آئی لیڈر نے یاددہانی کروائی کہ نظام آباد ضلع کے امرد گاوں سے تعلق رکھنے والے ایک اور دلت نوجوان سائی کمار نے حال ہی میں اونچی ذات کی لڑکی سے شادی کی جس پر لڑکی کے رشتہ داروں نے شادی کے اندرون ایک ماہ اس لڑکے کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ یواین آئی