جموں //ریاستی انتظامی کونسل نے سینئر آئی پی ایس افسر دلباغ سنگھ کو با ضا بطہ طور پر ڈی جی پی کے عہدے پر تعینات کر نے کے احکامات صادر کئے ہیں۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ یو نین پبلک سروس کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ ریاست جموں کشمیر میں ڈی جی پی کی تعیناتی کو لے کر 3نام فائنل کریں تاکہ ان میں سے کسی ایک کو ریاست جموںکشمیر کا پو لیس سر براہ مقرر کیا جائے ۔انتظامی کونسل نے پنچوں اور سر پنچوں کے مشاہرے کو منظوری دینے کے بعد میونسپل ایک ترمیمی بل کو بھی منظور کیا۔ ریاستی انتظامی کونسل کی ایک اہم میٹنگ گورنر ستیہ پال ملک کی سربراہی میں جموں میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ پولیس کے موجودہ سربراہ دلباغ سنگھ کی محکمہ میںباضابطہ تعیناتی کے احکامات صادر کئے گئے۔ یاد رہے ریاستی انتظامیہ نے 6ستمبر کو سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید کو اپنی ذمہ داریوں سے فارغ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کمشنر کے عہدے پر تعینات کردیا جس کے بعدریاستی انتظامیہ نے دلباغ سنگھ کو عارضی مدت کے لیے پولیس محکمے کا چارج دیا۔ اِنتظامی کونسل کی میٹنگ میں پنچایتی انتخابات کے دوران منتخب ہونے والے سرپنچوں اور پنچوں کے مشاہرے کو منظوری دی گئی۔ اِنتظامی کونسل کے فیصلہ کی رو سے سرپنچوں کو ماہانہ 2500روپے جبکہ پنچوں کو ایک ہزار کا مشاہرہ دیا جائے گا۔ اِنتظامی کونسل نے اُمید ظاہر کی کہ 17؍ نومبر 2018ء سے شروع ہونے والے نویں مرحلے کے تحت اِنتخابات میں حصہ لینے والے پنچایتی ممبران کا حوصلہ بڑھانے کے لئے اِن مشاہروں کی منظوری دی گئی۔ اِنتظامی کونسل نے جموں اینڈ کشمیر میونسپل قوانین ( ترمیمی ) بِل 2018ء کو بھی منظوری دی گئی ۔اِن قوانین کی منظوری کی بدولت میونسپل کارپوریشنوں کے میئر اور ڈپٹی میئر ، میونسپل کونسلوں / میونسپل کمیٹیوں کے صدور و نائب صدورکے اِنتخابات خفیہ بیلٹ کے ذریعے منعقد کرنے کے لئے راہ ہموار ہوگی۔