سرینگر//کانگریس نے دفعہ 370 کو جموں کشمیر کی بھارت سے الحاق کی بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون کے ساتھ مرکز اور نہ ہی ریاستی حکومت کوئی بھی چھیڑ چھاڑ کرسکتی ہے ۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کے مرکزی ترجمان میم افضل نے واضح کیا کہ دفعہ370کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی بھارت کے ساتھ جڑنے کی یہ بنیادی شرط ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین میں ایسی کوئی جوازیت ہی نہیں کہ اس دفعہ کو ختم کیا جاسکے۔کانگریس کے مرکزی ترجمان نے مغربی پاکستان سے آئے پناہ گزینوں کو اقامتی اسناد فرہم کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس پر رائے عامہ منظم کر کے انسانی بنیادوں پر ہی حل کیا جانا چاہے۔انہوں نے تاہم مزاحمتی جماعتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ طاقتیں ہیں جو اس کے خلاف ہے اور وہ اس کے خلاف کوششیں کرینگے۔پی ڈی پی پی کے سابق لیڈر طارق حمید قرہ کی طرف سے پارٹی میں شمولیت کے معاملے پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے میم افضل نے کہا کہ انہیں اس بارے میں معلومات نہیں،تاہم انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے دروازے ہر اس شخص کیلئے کھلے ہیں جو ملک کی سالمیت ،جمہوری اقدار اور سیکولرازم پر اعتماد رکھتا ہو۔وزیر اعظم ہند کی طرف سے نوٹ بندی فیصلے کے خلاف درجنوں سوال اٹھاتے ہوئے کانگریس نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی نے ایک سال میں جو جائیداد اور اثاثے جمع کئے ہیں ان کو منظر عام پر لایا جانا چاہیے۔ میم افضل نے کہا کہ ستمبر2016کو بنکوں میں5لاکھ88ہزار600کروڑ روپے کی اضافی رقم جمع تھی اور مرکزی حکومت اس بات کا خلاصہ کرے کہ یہ رقم کس کی تھی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس رقم میں سے25لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم والے کھاتہ داروں کو منظر عام پر لایا جانا چاہیے۔میم افضل نے مرکزی حکومت پر نوٹ بندی کے فیصلے کو کورپشن کی نئی راہیں کھولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے94فیصد عام لوگوں کو ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔