عظمیٰ مانٹیرنگ ڈیسک
نئی دہلی// سپریم کورٹ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر آئندہ 2 اگست سے پیر اور جمعہ کو چھوڑ کر(جو کہ متفرق معاملات کی سماعت کے دن ہیں) تمام کام کے دنوں پر سماعت کرے گی۔چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس سنجے کشن کول، سنجیو کھنہ، جسٹس بی آر گووئی اور جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل ایک آئینی بنچ نے منگل کو یہ حکم سنایا۔آئینی بنچ 2 اگست کو صبح 10:30بجے سے سماعت شروع کرے گی۔ اس سے قبل بنچ میں تمام فریقین کو 27 جولائی تک تمام دستاویزات داخل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔تقریباً چار سال قبل 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت نے آئین کے دفعہ370 کو منسوخ کر دیا تھا۔یہ معاملہ (دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والا) آخری بار مارچ 2020 میں سپریم کورٹ میں درج کیا گیا تھا۔
اس کے بعد کچھ درخواست گزاروں نے اس معاملے کو سات ججوں کی آئینی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے بھیجنے کی درخواست کی، لیکن بنچ نے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا۔فروری 2023 میں کچھ درخواست گزاروں کی جانب سے چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ کے سامنے معاملے کی جلد سماعت کے لیے درخواست کی گئی تھی۔ خصوصی ذکر کے دوران کی گئی اس درخواست پر بنچ نے کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر اس معاملے کی سماعت کے لیے درج رجسٹر کرنے پر فیصلہ کرے گی۔پانچ ججوں کی بنچ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے نوٹیفکیشن کے بعد جموں و کشمیر میں موجودہ حالات کے حوالے سے پیر کو دائر کردہ مرکز کے حلف نامہ کا پانچ ججوں کی بنچ کے ذریعہ فیصلہ سنائے جانے والے آئینی مسئلہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔سینئر ایڈوکیٹ راجو رام چندرن، جو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے والے عرضی گزاروں کی قیادت کر رہے ہیں، نے کہا کہ دو درخواست گزاروں آئی اے ایس افسر شاہ فیصل اور شہلا رشید شورا نے درخواست گزاروں کی فہرست سے اپنے نام نکالنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکز کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی درخواست گزاروں کی فہرست سے اپنا نام نکالنا چاہے تو انہیں کوئی مشکل نہیں ہے۔اس کے بعد بنچ نے شاہ اور شورہ کو درخواست گزاروں کی فہرست سے اپنے نام حذف کرنے کی اجازت دی۔سماعت کے اختتام پر، سینئر ایڈوکیٹ گوپال شنکرارائنن، درخواست گزاروں میں سے ایک کی طرف سے پیش ہوئے، کہا کہ درخواست گزاروں کی فہرست سے شاہ فیصل کا نام ہٹانا ایک مسئلہ پیدا کرے گا جہاں تک کیس کے عنوان کا تعلق ہے کیونکہ وہ سرکردہ درخواست گزار تھے۔ایڈوکیٹ منوہر لال شرما، جنہوں نے منسوخی کے خلاف ایک عرضی بھی دائر کی ہے، کہا کہ ان کا پہلا مقدمہ تھا، جو عدالت کے سامنے آیا اور اس پر نوٹس جاری کیا گیا، لیکن کاز لسٹ میں ان کا نام دیگر درخواست گزاروں کی طرف سے دائر مقدمات کے درمیان دکھایا گیا ہے۔اس کے بعد بنچ نے کہا کہ موجودہ کیس کے لیے یہ مناسب ہوگا کہ اس کا عنوان ‘آئین کے آرٹیکل 370 میں دوبارہ’ رکھا جائے اور اس سے معاملے کے کسی بھی فریق کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔مختلف گروپوں کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے بنچ کی طرف سے دی گئی تجویز کو قبول کر لیا۔مرکز نے اپنے 20 صفحات پر مشتمل حلف نامہ میں زور دے کر کہا، دہشت گردی سے علیحدگی پسندی کے ایجنڈے سے منسلک پتھر بازی کے منظم واقعات، جو کہ سال 2018 میں 1,767 تک تھے، 2023 میں اب تک صفر پر آ گئے ہیں۔اس میں مزید کہا گیا کہ ‘بند’ اور پتھرائوکے نتیجے میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں، تجارت، صنعتیں اور کاروبار مستقل بنیادوں پر وقفے وقفے سے بند ہو گئے، جس سے خاص طور پر غریبوں اور غیر منظم شعبوں میں کام کرنے والوں کی آمدنی کا شدید نقصان ہوا۔