عظمیٰ نیوز سروس
پنجاب //آرٹیکل 370 کی تنسیخ کو ملک کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بصیرت مندانہ جرات مندانہ فیصلے نے معاشرے میں مثبت سوچ کو جنم دیا ہے ۔جموں و کشمیر کا سیاسی، اقتصادی اور ترقیاتی منظر نامہ اور جموں و کشمیر میں پارلیمانی انتخابات میں بالعموم اور وادی میں بالخصوص کئی دہائیوں کے ہنگاموں کے بعد تاریخی ٹرن آؤٹ تاریخ کے سنہری حروف کے ساتھ لکھا جائے گا ۔پنجاب کے دینا نگر اسمبلی حلقہ میں ڈی ڈی سی کے وائس چیئرمین جموںسورج سنگھ کے ساتھ گورداسپور پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار دنیش سنگھ ببو کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہا کہ بدلتا ہوا جموں و کشمیر تبدیلی کے وژن اور پرعزم قیادت کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر سمیت ہندوستان کے ہر خطے کو بااختیار بنانے کیلئے ان کی غیر متزلزل عزم نے شہریوں میں امید اور اعتماد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فیصلہ کن اور مضبوط خواہش کے تحت، جموں و کشمیر نے ایک مثالی تبدیلی دیکھی ہے، جو بدامنی کی حالت سے تجدید اور ترقی کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔رانا نے کہا کہ ووٹرز کی بھر پور شرکت ماضی کے طوق سے آزاد ہونے اور امن، استحکام اور جامع ترقی سے متعین مستقبل کو گلے لگانے کے عوام کے اجتماعی عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ دیویندر رانا نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور اپنے لوگوں کے ناقابل تسخیر جذبے اور امن، ترقی اور خوشحالی سے متعین مستقبل کی تشکیل کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم کی ایک پْرجوش یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح پنجاب میں بھی اس جذبے کا مظاہرہ کیا جائے گا۔موصوف نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ وزیر اعظم مودی کیلئے عوام کا فیصلہ کن مینڈیٹ ہو گا تاکہ ملک کو نئے اعتماد اور وژن کے ساتھ وکشت بھارت کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔رانا نے کہا کہ ہندوستانی آئین سے آرٹیکل 370 کی تنسیخ نے نہ صرف ملک کی سیاسی شکل کو از سر نو تشکیل دیا ہے بلکہ جموں و کشمیر میں اتحاد، انضمام اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور کشمیریوں کے لیے مواقع کے نئے راستے کھولے ہیں۔