جموں // وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے دفعہ 370سے متعلق عدالت عظمیٰ کے مؤقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ریاست کو حاصل خصوصی پوزیشن پر اپنی مہر ثبت کردی ہے۔ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’معزز سپریم کورٹ آف انڈیا کا دفعہ 370سے متعلق مؤقف ہمارے لوگوں کے لئے خوش آئندہ بات ہے‘‘۔ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ’’ آرٹیکل 370نہ صرف ریاست کی سالمیت کو تحفظ فراہم کرتا ہے بلکہ ریاست کی مذہبی، ثقافتی اور لسانی سالمیت کے تحفظ کی ضمانت بھی فراہم کرتا ہے‘‘۔سپریم کورٹ آف انڈیا کے اس فیصلے پر بات کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نظام الدین بٹ کا کہنا ہے کہ اس اہم اور تاریخی فیصلہ سے ریاست کی خصوصی پوزیشن کے حوالے سے عوام میں پائی جارہی بے چینی اور دیگر قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔