سرینگر// پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ اگر جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کیا جاتا ہے،تو ریاست اور یونین آف انڈیا کا رشتہ بھی ختم ہوگا۔ مرکزی وزیر اور بھاجپا کے سنیئر لیڈر ارن جیٹلی کی طرف سے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی وکالت پر محبوبہ مفتی نے واضح کیا کہ جموں کشمیر اور وفاق کا رشتہ بھی ختم ہوگا اگر آئین کے دفعہ370کو ختم کیا گیا۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’ جیٹلی کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ کہنا کوئی آسان بات نہیں ہے اگر آپ(دفعہ 370) کو ختم کرتے ہیں،آپکا رشتہ جموں کشمیر کیساتھ ختم ہوگا‘‘۔دفعہ370کو ایک پل قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا’’اگر خصوصی آئینی حیثیت کو کالعدم کیا جاتا ہے تو نئی دہلی کو کشمیر کیساتھ نئے سرے سے رشتہ جوڑنا ہوگا، پھرجموں کشمیر کے لوگوں کو از سر نو سوچنا ہوگا کہ آیا وہ ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں‘‘۔ محبوبہ مفتی نے کہا’’ کیونکہ آپ نے ہمیں بھارت کے آئین میں خصوصی پوزیشن دی ہے،اور آپ اس پوزیشن کو توڑنا چاہتے ہیں، تب ہمیں دوبارہ اس بات پر سوچنا ہوگا، کہ آیا ہم آپکے ساتھ کسی شرط کے بغیر رہنا چاہیں گے‘‘۔