جموں //الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تمام سیاسی پارٹیوں کو ایڈوائیزری جاری کی ہے اور اُن سے کہا ہے کہ وہ آنے والے انتخابات کے دوران اپنے اشتہارات میں دفاعی اہلکاروں کی تصاویر کو استعمال نہ کریں ۔ تسلیم شدہ قومی اور ریاستی سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں کے نام مکتوب میں ای سی آئی نے کہا کہ وزارت دفاع نے کمیشن کی نوٹس میں لایا ہے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے الیکشن پروپیگنڈہ کے دوران اشتہارات میں دفاعی اہلکاروں کی تصاویر کا استعمال کرتی ہیں لہذا انہیں اس طرح کی کارروائی سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ فوجی دستے سرحدوں کے نگہبان ہیں اور وہ ماڈرن جمہوریت میں غیر سیاسی رول ادا کرتے ہیں ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف یا کسی دیگر دفاعی اہلکار یا دفاعی اہلکاروں کی تقاریب سے متعلق تصاویر کو کسی بھی صورت میں الیکشن اشتہارات یا پروپیگنڈہ کے ساتھ نہ تو منسلک کیا جانا چاہئے نہ اس کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔ کمیشن نے تمام سیاسی پارٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے امیدواروں یا لیڈروں کو صلاح دیں کہ وہ دفاعی اہلکاروں کی نمائش کرنے یا دفاعی اہلکاروں کی تقریب سے متعلق تصاویر کو اپنی الیکشن مہم کا حصہ نہ بنائیں اورنہ ہی اشتہارات میں ان کا استعمال کریں ۔