راجوری //امتحان کی ڈیوٹی پر تعینات عملے کی لاپرواہی کے نتیجہ میں راجوری کے ایک امتحان ہال میں دسویں کا ہندی کا پرچہ وقت سے قبل ہی کھول دیاگیا۔چیف ایجوکیشن افسر راجوری کے مطابق ایک ٹیم نے اچانک معائنہ کیا جس دوران گورنمنٹ گرلز مڈل سکول راجوری میں وقت سے قبل ہی پرچہ کھلاپایاگیا اور ٹیم کو اس سلسلے میں پرچہ کا بیگ بھی ملا ۔اس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ٹیم نے یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر راجوری اور ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کے نوٹس میں لایاہے جبکہ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کو بھی اس بارے میں بتایاگیاہے ۔چیف ایجوکیشن افسر نے پرچہ پہلے کھولے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد انہوںنے یہ معاملہ سینئر حکام کے نوٹس میں لایاہے ۔واضح رہے کہ یہ امتحان ہال چیف ایجوکیشن افسر دفتر راجوری سے بالکل قریب واقع ہے۔