سرینگر// حال ہی میں بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے امتحانی نتائج کے تناظر اور سرکاری سکول کی کارکردگی کے حوالے سے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے ضلعی ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے ہمراہ ضلع بانڈی پورہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران 4 سرکاری ہائی سکولوں کے ہیڈماسٹروں کو امتحانات میں بچوں کی ناقص کارکردگی کی پاداش میں انکے خلاف معطلی کے احکاما ت صادر کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے ان سکولوں کے ناکام ہوئے طلاب کےلئے Remedial Classes فوری طور شروع کرنے کی چیف ایجوکیشن افیسر کو ہدایت دی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نے CM's Super-50 کوچنگ مرکز کا اچانک معائنہ کیا جہاں انہوں نے مجموعی صورتحال کو اطمینان بخش پایا۔ بعد میں انہوں نے گورنمنٹ بائز ہائی سکول اہم شریف بانڈی پورہ، گورنمنٹ ہائی سکول شادی پورہ اور دیگر کئی ونٹر ٹوشن سینٹروں کا اچانک معائنہ کیا جہاں پر انہوں نے طالب علموں اوراُساتذہ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر موصوف نے طلاب کے ساتھ گفتگو کی اور ان ونٹر ٹیوشن سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات ،پڑھائی اور اُساتذہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے موقعہ پر ہی چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ کو ہدایت دی کہ وہ ازخود ضلع کے ان کوچنگ اور ونٹر ٹیوشن مراکز کا مسلسل نگرانی کریں تاکہ طالب علموں کو معیاری تعلیمی اور بہتر تربیت کی فراہمی یقینی بن جائے۔ بعد میں ڈائریکٹر ایجوکیشن نے ضلعی ڈائٹ بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور وہاں اُساتذہ کودی جانے والی ٹریننگ پروگراموں کے بارے میں مفصل جانکاری حاصل کی۔انہوںنے پرنسپل ڈائٹ بانڈی پورہ کو ہدایت دی کہ وہ سرما میں اساتذہ کےلئے مشتہر شدہ تربیتی پروگراموں میں باقعدگی لانے اور ان ٹریننگ پروگراموں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے اُساتذہ کے بارے میں ڈائریکٹوریٹ کوجانکاری دیں تاکہ اُنکے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔واضح رہے ریاستی وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نے کپوارہ کے بعد آج ضلع بانڈی پور میں تعلیمی مناظر نامے کا جائزہ لیا۔یہ بھی یاد رہے کہ سیکرٹری ایجوکیشن نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ محکمہ تعلیم ریاست کے تمام ڈائٹوں کے کام کاج میں تبدیلی کرنے جارہی ہے تاکہ یہ تربیتی مراکز تعلیمی میدان میں فعال کردار اداءکریں۔اس بارے میں ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ ریاستی سرکار شعبہ تعلیم میں مزید بہتری لانے اور طلبہ کو بہتر سے بہتر تعلیم اور سہولیات بہم پہنچانے میں کافی سنجیدہ ہے تاکہ شعبہ میں زمینی سطح پر بہتر نتائج سامنے آجائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں جوابدہی کا عمل مزید سخت کیا گیا ہے تاکہ زیر تعلیم بچے بلاکسی خلل علم کے نور سے منور ہوں اور انہیں بہتر مستقبل کے چیلینجوں کےلئے تیار کیا جاسکے۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کے ایک آرڈر زیر نمبرDSEK/MPW/17PR/01کے تحت جن ہیڈ ماسٹروں کو معطل کیا گیا ، اُن میں ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول شادی پورہ،ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول پنار،ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول لہروال پورہ،ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول کورورہ شامل ہیں۔