یواین آئی
سرینگر// آستانہ عالیہ خانیارمیں پیر کو حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے خاندان سے وابستہ مذہبی رہنما سید ہاشم جیلانی نے حاضری دی اور امن و سلامتی کیلئے دعا کی۔وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی اور سیکریٹری سیاحت سیدعابد رشید نے سید ہاشم گیلانی کا آستان عالیہ پر استقبال کیا۔ ہاشم جیلانی کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد دستگیر صاحبؒ خانیار میں صبح سے ہی انتظار کر رہی تھی۔
کشمیر کے دورے پر آئے ہوئے ہاشم جیلانی کی دستگیر صاحب خانیار میں آمد کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔آستان عالیہ پر حاضری کے بعد نامہ نگاروں سے مختصر بات چیت کے دوران جیلانی نے کہاکہ یہاں آکر بہت خوشی ہوئی اور عالم انسانیت کے لئے دعاکی۔وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر درخشا ں اندرابی نے اس موقع پر کہاکہ نواسہ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ نے دستگیر صاحب آستان عالیہ پر حاضری دی اور کشمیر میں امن و ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے ایک اچھا پیغام جائے گا۔درخشاں اندرابی نے بتایا کہ منگل کے روز وقف بورڈ کی جانب سے نئے لوگو کی رسم رونمائی ہاشم جیلانی کے ہاتھوں انجام دی جائے گی۔