سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنرسرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کہا ہے کہ وادی کے دستکار ہمارے صدیوں پرانے فن اور ثقافت کے محافظ ہیں جو کہ ہمارے سماج اورنسلوںکی پہچان ہے۔ محکمہ ہینڈی کرافٹس کی طرف سے منعقدہ تقریب کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر، جو کہ جانکاری کیمپ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے نے کہا کہ، 13ویں صدی میں حضرت شاہ ہمدانؒ نے ایران سے پیپرماشی(کار قلمدان)،شال،سوزنی اورقالینوں کی بنائی سمیت28دستکاری کاموں کو متعارف کیا۔انہوں نے کہا’’ہم نے دستکاری شعبے کی عظمت رفتہ کی بحالی اور دستکاری مصنوعات کو فروخت کرنے کی سہولیات کے لئے مشترکہ کوششیں کیں۔جانکاری کیمپ کے دوران ڈاکٹر عابد نے دستکاروں کے ساتھ جدید نہج اورشال ،پیپرماشی،قالین اور دیگر مصنوعات کی تیاری کے لئے اپنائے جارہے طریقہ کار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ایک روزہ جانکاری کیمپ میں ضلع سرینگر کے د ستکاروں کو دستکاری شعبے میں آمدنی بڑھانے کے ذرائع کے بارے میں بھی روشناس کرایا گیا۔