عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر کے مشہور دستکاریوں کو فروغ دینے کے لئے محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر نوشہرہ میں اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی) کے احاطے میں یارن ڈائینگ کے لئے ایک جدید کامن فیسلٹی سینٹر (سی ایف سی) قائم ہونے کے قریب ہے۔ 2.59 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ سینٹر تمام بین الاقوامی معیارات پر پورا اُترے گا اور ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم سیکٹر میں اِستعمال ہونے والے مختلف قسم کے خام مال کو رنگنے کا کام کرے گاجس سے نہ صرف کرافٹ مصنوعات کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ ان کی بین الاقوامی منڈیوں میں مانگ بھی بڑھے گی۔محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کے ترجمان نے کہا کہ اِس سی ایف سی میں صد فیصد ایزو فری کیمیکل رنگ اِستعمال کئے جائیں گے اور اِس میں تمام ضروری مشینری نصب کی گئی ہے بشمول 5کلو سے 20کلو گرم کی مختلف صلاحیتوں والی مشینیں جو ریشم ، اون کاٹن اور وِسکوز یارن کو رنگنے کے لئے اِستعمال ہوں گے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سی ایف سی میں ایک ڈائی ہاؤس بھی ہوگا جو 250 کلو گرام ریشم، اون اور کاٹن کو ہینک فارم میں مختلف ڈائینگ مشینوں کے ذریعے رنگنے کی سہولیت فراہم کرے گا ۔ اِس کے علاوہ سافٹ فلو ڈائینگ مشین کے ذریعے پشمینہ کو روازانہ 7کلو گرام تک قدرتی رنگ دینے کی سہولیت بھی دستیاب ہوگی ۔ترجمان نے متعلقہ شراکت داروں کو مشورہ دیا کہ وہ تمام اَقسام کے ہینک یارن کو رنگنے کی سہولیت کے لئے ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی سے رابطہ کریں جہاں یہ خدمات معمولی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔