عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//حکومت ِجموں و کشمیر نے کشمیر سے 21 مزید دستکاریوں کو “نوٹیفائیڈ ہینڈی کرافٹس” کے طور پر نامزد کیا ہے جس میں دستکاری سے وابستہ کئی دستکاروں کا اعتراف کیا گیا ہے۔یہ نوٹیفکیشن ان دستکاریوں سے وابستہ کاریگروں کا ایک طویل عرصے سے زیر التواء مطالبہ تھا اور جس سے دستکاروں کو فخر اور شناخت کا احساس ملنے کی توقع ہے ۔ان دستکاریوں کی نامزدگی اور تخصیص محکمہ کو اس قابل بنائے گا کہ وہ پہلے ترک کی گئی دستکاریوں میں دستکاروں کا اندراج کر سکے جس کے نتیجے میں ان روایتی ہنر کو وقت کے ساتھ ضائع ہونے سے بچانے اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کاریگروں کو رجسٹر کرنے سے ان کے علم اور مہارت کو دستاویزی شکل دی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان کی تکنیک اور دستکاری کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جائے۔ اس کے علاوہ کاریگروں کو مختلف سرکاری امدادی پروگراموں تک رسائی حاصل کرنے سے حقیقی دستکار برادری کی تعداد میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی اور اس طرح کے اقدام سے حکومتی اسکیموں کے فوائد معاشرے کے اب تک غیر تسلیم شدہ دستکار طبقات تک پہنچیں گے جس کے ذریعے وہ دستکار، ویور کریڈٹ اسکیم، کارخانہ دار اسکیم، کوآپریٹو ایکٹ کے تحت امداد، مدرا اسکیم اور ان کے رشتہ داروں کے لیے تعلیمی فوائدسے مستفید ہونگے ۔