سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر اور ایم ایل سی محمد خورشید عالم نے پشمینہ اور تانبہ دستکاری سے وابستہ لوگوں کے مسائل سے متعلق پارٹی نائب صدر محمد سرتاج مدنی کو آگاہی دیتے ہوئے اپیل کی کہ ان دستکاروں کی باز آبادکاری کیلئے کارگر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ اثر رسوخ رکھنے والے افراد کی مشینوں کے ذریعے اس صنعت میں مداخلت کی وجہ سے پشمینہ اور تانبہ دستکاری صنعت سے وابستہ ہزاروں کاری گروں کی روزی روٹی پر شب خون مارا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مشینوں کے استعمال سے ان سب کاریگروں کے روز گار کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں جس کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل طور پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔اس دوران صدر ضلع و ایم ایل سی محمد خورشید عالم نے نائب صدرمحمد سرتاج مدنی کو اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ ان دونوں صنعتوں میں مشینوں کے استعمال سے ہزاروں لاکھوں لوگوں کے روز گار پر پڑنے والے منفی اثرات اس طبقے کے لئے انتہائی تباہ کن ہیں ۔نائب صدر نے اُن کے مسائل سے اتفاق کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کاریگروں کے مشکلات سے بخوبی آشناہے اور ریاست کی دستکاری صنعت کو فروغ دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے لئے کوشان ہے۔